’دنیا کی کوئی طاقت پاک-ایران تعلقات خراب نہیں کر سکتی‘، ایرانی صدر کی بلاول بھٹو سے ملاقات

IQNA

’دنیا کی کوئی طاقت پاک-ایران تعلقات خراب نہیں کر سکتی‘، ایرانی صدر کی بلاول بھٹو سے ملاقات

17:01 - April 24, 2024
خبر کا کوڈ: 3516267
ایکنا: فلسطین اور کشمیر میں جاری مسلمانوں کی نسل کشی ایک لمحہ فکریہ ہے، مسلمانوں کو متحد ہو کر اس کڑے وقت میں اپنے فلسطینی ابھائیوں کا ساتھ دینا چاہئیے

ایکنا انٹرنیشنل ڈیسک کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعلیٰ ہاؤس سندھ میں ایران کے صدر ابراہیم رئیسانی سے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور ایران کے تعلقات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی سے علیحدہ ملاقات کی، جس کے دوران پاکستان-ایران اقتصادی مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں صوبائی وزرا، شرجیل میمن، ناصر شاہ، سردار شاہ، سعید غنی، جام خان شورو اور دیگر شریک تھے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاکہ ملاقات میں سرمایہ کاری کے امور پر بات چیت کی گئی، وزیراعلیٰ سندھ اور ایران کے صدر کے درمیان پاکستان-ایران اقتصادی مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ نے ہمیشہ پرائیویٹ انٹرپرائز کی حوصلہ افزائی کی ہے، بلاول بھٹو زرداری نے بطور وزیر خارجہ پاکستان نئی سرحدی گزرگاہیں کھول کر سرحد پار تبادلے کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیا، سندھ میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں.

انہوں نے کہا کہ توانائی، انفرا اسٹیکچر، زراعت، کارپوریٹ کاشتکاری، ٹیکسٹائل اور سٹی ڈیزائن شامل ہیں، ہیوی انجینئرنگ، پبلک ٹرانسپورٹ، فارماسیوٹیکل اور دیگر مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے، دونوں ممالک بارٹر ایکسچینج پروگرام کو فروغ دے کر فائدہ اٹھا سکتے ہیں، سندھ کے مختلف شہروں کی چیمبر آف کامرس ایران میں نمائشوں کے انعقاد کے خواہشمند ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک فعال بزنس کونسلز کے ذریعے مصنوعات متعارف کروا سکتے ہیں، سندھ دنیا میں کوئلے کے ذخائر کا چھٹا بڑا اقتصادی اور تجارتی مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے، سندھ میں اسپیشل اکنامک زون ایکٹ 2012 منظور ہوا، سندھ میں اسپیشل اکنامک زونز کا قیام ایرانی صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کے لیے ایک موقع ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ میں اچھی کوالٹی کی کپاس پیدا ہوتی ہے جو ایران کو برآمد اور ملبوسات کی جا سکتی ہے، پاکستان کے تیار کردہ ملبوسات ایران میں خاصے مقبول ہیں، گزشتہ برسوں کے دوراں لائیو اسٹاک میں مسلسل ترقی ہوئی ہے، ایران کی سندھ میں لائیو اسٹاک میں سرمایہ کاری مثبت نتائج دے سکتی ہے، سندھ سے مویشی اور زرعی مصنوعات ایران کو برآمد کی جا سکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں رائس پروسیسنگ ملز، فروٹ پلپنگ پروسیسنگ یونٹس، پولٹری، جھینگا فارمنگ کے بڑے مواقع ہیں، سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بھی اہم پروجیکٹ پر مل کر کام کیا جاسکتا ہے، ایجوکیشن سٹی پروجیکٹ فیز 1 میں غیر ملکی اداروں کے لیے 500 ایکڑ ایراضی مختص کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ این ای ڈی ٹیکنالوجی پارک میں ایرانی آئی ٹی کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری کا موقع ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ میں ایرانی صدر کے اعزاز میں پروقار تقریب

وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے ایرانی صدر کے اعزاز میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں تقریب منعقد کی گئی، وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں 900 افراد مدعو تھے، تقریب میں صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، صوبائی سیکریٹریز شریک ہوئے۔

تقریب میں صوبہ کے تعلیم دان، مختلف شعبہ جات کے ماہرین، ممتاز صنعتکار اور سول سوسائیٹی کے افراد شامل تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے باعثِ فخر و افتخار ہے کہ آج میں بردار ملک کے صدر، پاکستان کے ایک دیرینہ دوست، ہمدرد اور محسن کا استقبال کر رہا ہوں، میں ایرانی صدر کو سندھ کی عوام جانب سے خوش آمدید کہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ صدر ابراہیم رئیسی اور ہمراہ وفد کا سندھ کے دارالحکومت شہر کراچی میں خیر مقدم کرتا ہوں، اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے فارسی الفاظ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صدر محترم ’از ملاقات شما خوش بختم‘،۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات صدیوں پر محیط ہیں، ہمارے مابین مذہبی، علمی، تہذیبی اور اقتصادی روابط استوار ہیں اور وقت کے ساتھ گہرے ہوتے جا رہے ہیں، پاکستان اور ایران نے ایک دوسرے کا صدقِ دل و جاں سے ساتھ دیا ہے، شہید ذولفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ایران کے ساتھ تعلقات کو ہمیشہ اہمیت دی۔

’فلسطین اور کشمیر میں جاری مسلمانوں کی نسل کشی ایک لمحہ فکریہ ہے‘

مراد علی شاہ نے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے ایران کو ہمیشہ ایک قابلِ بھروسہ اور ندیم دوست تصور کیا ہے ، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پاک ایران دوستی کی اہمیت و ضرورت کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، بلاول بھٹو زرداری کی نظر میں خطے میں ترقی تب ہی ممکن ہے جب تمام ممالک مل کر عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے بحیثیت وزیر خارجہ پاکستان اپنے ایران کے دورہ میں مل کر کام کرنے اور ہر سطح پر روابط کو بڑھانے پر زور دیا ، پاکستان اور ایران آج تاریخ کے ایک اہم دور سے گزر رہے ہیں جہاں بھائی چارے، مل کے آگے بڑھنے اور ایک دوسرے کی اعانت کرنا ضروری ہے، ہمیں مختلف مسائل درپیش ہیں جس میں دہشتگردی ، غیر قانونی تجارت، موسمی تبدیلی اور اسکے منفی اثرات، فلسطین اور کشمیر میں بڑھتے ہوئے مظالم سرِفہرست ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں جاری مسلمانوں کی نسل کشی ایک لمحہ فکریہ ہے، پاکستان کی نظر میں فلسطین اور کشمیر کے مسائل کا پر امن حل وقت کی اہم ضرورت ہے، مسلمانوں کو متحد ہو کر اس کڑے وقت میں اپنے فلسطینی ابھائیوں کا ساتھ دینا چاہئیے، پاکستان کا سخت اور اصولی موقف ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے اور فلسطینی عوام کو حق دیا جائے۔

نظرات بینندگان
captcha