ایرانی وزیر داخلہ ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

IQNA

ایرانی وزیر داخلہ ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

15:33 - February 14, 2022
خبر کا کوڈ: 3511311
ایرانی وزیر داخلہ ڈاکٹر احمد واحدی اور شیخ رشید میں دہشت گردی اور پاک ایران تعلقات پر جامع گفتگو ہوئی۔

ڈان نیوز کے مطابق ڈاکٹر واحدی کی آمد سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف کے گزشتہ ہفتے ملک کے دورے کے بعد ہوئی ہے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق 9 رکنی ایرانی وفد کا وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور دیگر اعلیٰ عہدیداران نے استقبال کیا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری مختصر بیان میں بتایا گیا کہ اپنے ایک روزہ دورے کے دوران ایرانی وزیر داخلہ وزیر اعظم عمران خان اور دیگر حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ملاقاتوں کے دوران ڈاکٹر واحدی اور پاکستانی حکام پاک ۔ ایران بارڈر مینجمنٹ اور قیدیوں کے تبادلے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

 

گزشتہ سال اکتوبر میں دونوں ممالک نے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر مؤثر عمل درآمد کے لیے خصوصی کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا تھا۔

معاہدے کو پاکستان کی نمائندگی کرنے والے شیخ رشید احمد اور مجلس (ایرانی پارلیمنٹ) میں ایران پاکستان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے اراکین کے درمیان ہونے والے اجلاس میں حتمی شکل دی گئی تھی۔

دونوں فریقین نے دہشت گردی اور انسانی اسمگلنگ پر قابو پانے کے لیے تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مستحکم افغانستان کی تشکیل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

نظرات بینندگان
captcha